بھوپال، 17؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ایمس بھوپال میں ناقص سہولیات کے خلاف طلبا کے احتجاج کے درمیان صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جے پی نڈا پر آج یہاں ایمس بھون سے باہر نکلتے وقت کسی شخص نے سیاہی پھینک دی۔سیاہی ایمس کے انٹری گیٹ پر اس وقت پھینکی گئی جب وہ گاڑی پر بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔بارش اور افراتفری کے درمیان وزیر کی گاڑی کو طلبا نے گھیررکھا تھا ۔نامعلوم شخص کی طرف سے پھینکی گئی سیاہی کی کچھ بوندیں نڈا کے کرتے پر گرگئی۔بہر حال، ایمس کے ایک افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سیاہی پھینکنے والے نامعلوم شخص کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے۔پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔انہوں زخمی ہوئی طالبات اجیا اور انجلی کی صورت حال پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔